آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ اور بار کوڈنگ کا مقصد یاتریوں اور ان کی گاڑیوں کی لوکیشن کی ہمہ وقت مانیٹرنگ یقینی بنانا ہے۔
جموں زون پولیس کے انسپکٹر جنرل منیش کمار سنہا نے میڈیا کو 30 جون سے جموں سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا کے دوران استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا: 'اب کی بار سی آر پی ایف یاترا گاڑیوں کی آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ کرے گی۔ اس کے علاوہ سبھی یاتریوں کو بار کوڈ کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا۔ لہٰذا یاتریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں اور اپنی گاڑیوں پر آر ایف آئی ڈی ٹیگ لگوائیں'۔
انہوں نے کہا: 'یاتریوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انتظامیہ کو اپنا مکمل تعاون دیں۔ جبکہ یاتریوں کو سیکورٹی فراہم کرنا انتظامیہ کا فرض ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یاترا خوش اسلوبی سے اپنے تکمیل کو پہنچے۔ یاتریوں سے اپیل ہے کہ وہ یاترا قافلوں کا حصہ بن کر پوتر گھپا کی طرف روانہ ہو۔ اگر آپ قافلے کا حصہ بنتے ہیں تو ہم آپ کو سیکورٹی کی گارنٹی دیتے ہیں۔ یاتری جلد بازی، شارٹ کٹ اور اپنے آپ کشمیر پہنچنے سے اجتناب کریں'۔
امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے بار کوڈ ٹیکنالوجی کا استعمال - Jammu
جموں وکشمیر میں سیکورٹی اداروں نے اب کی بار امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹی فیکیشن (آر ایف آئی ڈی) ٹیگنگ اور بار کوڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
آئی جی پی جموں نے سالانہ امرناتھ یاترا کو پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بہت بڑا چلینج قرار دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ امرناتھ یاترا کے لئے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے یاترا کے احسن انعقاد کے لئے کئے گئے دیگر سیکورٹی انتظامات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا: 'امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو 268 کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے'۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: 'سالانہ امرناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے کہ کہیں دراندازی نہ ہوجائے اور اس کے بعد کہیں کوئی واردات پیش نہ آجائے اس لئے ہم نے سیکورٹٰ گرڈ کو مزید مستحکم کیا ہے'۔
آئی جی پی نے کہا کہ یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بارڈر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے، یہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں اپنے مورچے لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کی طرف سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں، کئی جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں اور جو قومی شاہراہ کے چیک پوسٹس ہیں انہیں مزید مستحکم کیا گیا ہے وہاں سینٹر پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات ہوگی۔