قومی دارالحکومت دہلی میں 24 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ایک اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے جموں و کشمیر کے 14 رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں جموں و کشمیر کے چار سابق وزرائے اعلی بھی شامل ہوں گے۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے فریم ورک کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، بی جے پی، کانگریس، جموں و کشمیر اپنی پارٹی، سی پی آئی، پیپلز کانفرنس اور جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے رہنماؤں کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منعقد اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ مرکزی سکریٹری اجے بھلا نے جموں و کشمیر کے 14 رہنماوں کو ٹیلیفون کے ذریعہ مدعو کیا ہے۔
جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی 5 اگست 2019 کے بعد وزیر اعظم سے یہ پہلی ملاقات ہوگی جب مرکز نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور اسے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کردیا۔
عہدیداران نے بتایا کہ یونین جلد از جلد اسمبلی انتخابات کرانے کی خواہاں ہے جس کا انعقاد دسمبر میں یا آئندہ برس مارچ میں ممکن ہے۔ جسٹس آر دیسائی کی سربراہی میں حد بندی کمیشن آئندہ چند مہینوں کے دوران انتخابی حلقوں کی شیڈولنگ کا کام مکمل کرے گا۔ رواں برس مارچ میں کمیشن کو ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ تمام رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی منفی رپورٹ ساتھ میں لے کر آئیں۔