راجستھان انٹیلیجنس برانچ نے پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ساتھ راجستھان کے مختلف فوجی اڈوں پر فوج کی سرگرمیوں کی انتہائی خفیہ اور حساس معلومات شیئر کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
راجستھان انٹلیجنس کے اے ڈی جی امیش مشرا نے بتایا کہ راجستھان کے فوجی اڈوں پر فوج کی سرگرمیوں کے بارے میں انتہائی حساس معلومات کو پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ساتھ شیئر کرنے کی جانکاری ملی تھی۔ اس کے بعد فوجی سرگرمیوں کی انتہائی خفیہ اور حساس معلومات شیئر کرنے کے شبہ میں گنگا نگراے ایف ڈی میں کام کرنے والے سیول ڈیفنس ورکر منڈاوا ضلع جھنجھھنو باشندہ وکاس تیلوتیا اور مہاجن فیلڈ میں فائرنگ کے رینج بیکانیر میں کانٹریکٹ پر کام کرنے والے بیکانیر باشندہ چیمن لال نائک کو مشترکہ تفتیشی مرکز لا کر تفتیش کی گئی۔
دونوں ملزمان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی گئی۔ ان کے پاس سے برآمد ہونے والے موبائل فون کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ وہ دونوں سوشل میڈیا کے توسط سے پاکستانی ایجنٹ کو اسٹریٹجک اہمیت کی خفیہ معلومات فراہم کررہے تھے۔