راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سے 828 کروڑ روپیے کی لاگت سے تیار بھیلواڑہ اور بھرت پور میڈیکل کالج کی عمارت اور بیکانیر، ادے پور اور کوٹہ کے میڈیکل کالجز میں سپر اسپیشیلٹی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریاست نے صحت خدمات کے شعبے میں ملک کے دیگر ریاستوں کے سامنے قابل ستائش مثال پیش کی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’مفت ٹیسٹ، دوا منصوبہ اور ’نیروگی راجستھان مہم‘ جیسے اہم فیصلوں کے بعد کورونا وبا سے کامیابی سے مقابلے کے لیے ریاست میں گاؤں۔ڈھانی تک صحت ڈھانچے کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ریاست میں نئی منظور شدہ میڈیکل کالجز کی تعمیر بھی متعین وقت میں پوری ہو۔‘‘