وزیر ای راجندر کی اہلیہ جمنا نے حیدرآباد کے نواحی علاقہ شاہ میرپیٹ میں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجندر نے سخت محنت اور جدوجہد سے یہ اراضیات خریدی ہیں، ہم نے ایک ایکڑ اراضی پر قبضہ نہیں کیا، تاہم اراضیات پر قبضہ کے ہم پر الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے آج تک کسی کو دھوکہ نہیں دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس کے ذریعہ منصوبہ بناکر انھیں خوف زدہ کیا جا رہا ہے۔ جمنا نے کہا کہ ہم نے میدک ضلع کے ماسائی پیٹ میں 46 ایکڑ زمین خریدی ہے، اس میں اگر ایک ایکڑ اراضی زیادہ ہے تو میں اپنی ناک زمین پر رگڑنے کو تیار ہوں۔
جمنا نے چیلنج کیا کہ آیا سروے کرنے والے عہدیدار بھی اراضی کا پتہ نہ چلنے پر زمین پر ناک رگڑیں گے؟ انہوں نے کہا کہ راجندر کی جانب سے خریدی گئی 6 ایکڑ اراضی پر ٹی آر ایس پارٹی کی جانب سے شروع کردہ اخبار نمستے تلنگانہ قائم ہوا ہے اور آج وہی اخبار ہمارے کے خلاف غلط معلومات پھیلا رہا ہے جو تکلیف دہ ہے۔