اردو

urdu

ETV Bharat / city

دسویں جماعت کے امتحانات سے متعلق تنلگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ - تلنگانہ

تلنگانہ ہائی کورٹ نے جون کے پہلے ہفتے کے بعد دسویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنے کی ہدایت دی۔

دسویں جماعت کے امتحانات سے متعلق تنلگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ
دسویں جماعت کے امتحانات سے متعلق تنلگانہ ہائی کورٹ کا فیصلہ

By

Published : May 19, 2020, 11:32 PM IST

تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحانات منعقد کرنے کے مسئلہ پر ریاستی ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد جون کے پہلے ہفتے کے بعد امتحانات منعقد کرنے کی ہدایت دی۔

عدالت نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے مسئلہ کا 3جون کو جائزہ لیاجائے، 4جون کو عدالت میں اس حوالے سے ایک خصوصی رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات پر عمل کیا جائے۔ صورتحال شدید ہونے پر امتحانات منعقد نہ کئے جائیں۔

قبل ازیں دو مضامین کے سلسلے میں تین امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ بعد ازاں کورونا وائرس کے پیش نظر دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی کرنے کی خواہش کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول کے بالاکرشنا نامی اسکول ٹیچر نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی جس پر بقیہ امتحانات کو ملتوی کرنے کی ہائی کورٹ نے ہدایت دی تھی اور عبوری احکامات جاری کئے تھے۔

عدالت کی ہدایت پر چار مضامین کے سلسلے میں آٹھ پرچوں کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے تھے۔

اس ماہ امتحانات منعقد کرنے کی وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی تھی جس کے بعد حکومت نے اس سے قبل عدالت کی جانب سے جاری کردہ عبوری احکام کو منسوخ کرنے کے لئے عدالت کا رخ کیا تھا۔

حکومت نے اپنی عرضی میں عدالت سے خواہش کی تھی کہ وہ امتحانات منعقد کرنے کی اجازت دے۔ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے اقدامات کرے گی، طلبہ کے ٹرانسپورٹ کے سلسلے میں مناسب انتظامات بھی کرے گی۔

حکومت نے کہا تھا کہ یہ ریاست کے تقریبا5.50لاکھ طلبہ کے مستقبل کا سوال ہے۔ ان طلبہ کے مستقبل کے پیش نظر یہ امتحانات منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس عرضی کی سماعت ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کی گئی۔

دوسری طرف عرضی گزار کے وکیل نے عدالت کے علم میں لایا کہ تلنگانہ میں ہنوز کورونا وائرس کی وبا کا اثر جاری ہے۔ ریاست میں مثبت معاملات کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے، طلبہ کی جان بچانے کی ضرورت ہے۔ اس پر ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت سے کہا کہ اس وائرس کی روک تھام کے لئے تمام مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 3جون کو اس کا جائزہ بھی لیاجائے گا۔

عدالت نے کہا کہ صورتحال کے موزوں ہونے پر ہی جون کے پہلے ہفتہ کے بعد امتحانات منعقد کئے جائیں، کورونا وئرس کی وبا کے جاری رہنے پر ان امتحانات کوملتوی کیاجائے۔ امتحانات کے درمیان دو دن کا وقفہ رکھا جائے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ طلبہ کے مفاد میں ہیلپ لائن کا آغاز کرے۔

عدالت کی جانب سے ہری جھنڈی دکھائے جانے کے بعد امکان ہے کہ حکومت دسویں جماعت کے امتحانات کے شیڈول کا اعلان کرے گی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details