اردو

urdu

تلنگانہ: پروفیسر کودنڈارام ایک روزہ بھوک ہڑتال پر

By

Published : Jul 2, 2020, 5:03 PM IST

تلنگانہ حکومت پر کورونا وائرس کو روکنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈارام نے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی جس کی کئی سیاسی رہنمائوں نے حمایت کی ہے۔

تلنگانہ: پروفیسر کودنڈارام ایک روزہ بھوک ہڑتال پر
تلنگانہ: پروفیسر کودنڈارام ایک روزہ بھوک ہڑتال پر

تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’تلنگانہ حکومت کورونا وائرس کو روکنے میں نا کام رہی ہے۔‘‘ پروفیسر کودنڈارام نے اس مسئلہ پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔

تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا، سی پی آئی کے ریاستی سیکریٹری چاڈاوینکٹ ریڈی اور دیگر افراد نے اس بھوک ہڑتال کی حمایت کی۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کودنڈارام نے مطالبہ کیا کہ ہر غریب خاندان کو حکومت کی جانب سے 7500روپئے کی مالی مدد کی جائے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ کے ریلیف فنڈ میں آئی رقومات کا حساب دیئے جانے کی مانگ کی، ساتھ ہی مرکز سے وصول فنڈس پر بھی وضاحت طلب کی۔ انہوں نے ’’حکومت کی جانب سے غریبوں کو مکمل انصاف فراہم کیے جانے تک جدوجہد جاری‘‘ رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی کئی مرتبہ وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ سے خواہش کی گئی تھی تاہم اس مطالبے کو حکومت کی جانب سے نظر انداز کر دیا گیا۔

انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’جب کورونا سے متاثرہ تقریبا تمام افراد کا علاج گاندھی اسپتال میں کیا جا رہا ہے تو پھر حکمران جماعت ٹی آر ایس کے اس موذی مرض سے متاثر ارکان اسمبلی کا علاج پرائیویٹ اسپتالوں میں کیوں کیا جا رہا ہے؟‘‘

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کورونا کے علاج کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت لایا جائے جو غریبوں کے مفاد میں ہوگا۔

چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ معاشی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے غریبوں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام میں کورونا کا خوف پایا جاتا ہے، کورونا کی جانچ کے کام میں توسیع دی جائے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details