ٹینک بنڈ پر ’سنڈے فن ڈے‘ پروگرام کا احیا عمل میں لایا گیا جبکہ اس مرتبہ یہ مقبول پروگرام مزید بہتر انداز میں منعقد کیا جائے گا، جہاں پر فائرورکس شو کے علاوہ تلنگانہ کے لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
تلنگانہ کے اسپیشل چیف سکریٹری محکمۂ بلدی نظم ونسق اروند کمار کے مطابق 26 ستمبر کو 5 بجے شام سے دس بجے شب تک ہونے والے اس پروگرام میں تلنگانہ پولیس بینڈ کے مظاہرہ کے ساتھ ساتھ بہترین تلگو گیتوں کو آرکسٹرا پر پیش کیا جائے گا۔ ساتھ ہی روایتی کھانے بھی یہاں پیش کئے جائیں گے۔ علاقہ میں ہینڈی کرافٹس کے اسٹالس لگائے جائیں گے اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے مفت پودوں کی تقسیم کا کام بھی کیا جائے گا۔
گزشتہ 12 ستمبر کو سنڈے فن ڈے پروگرام کی شروعات کی گئی تھی جہاں بھارتی فوج کی جانب سے بیگ پائپر بینڈ کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اروند کمار جو ٹوئیٹر پر سرگرم رہتے ہیں نے اس خصوص میں کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں یہ بات بتائی۔ سٹی پولیس کی جانب سے اتوار کو ان اوقات میں اس مقام پر ٹریفک پر پابندی عائد کی جاتی ہے اور اس علاقہ کو خوب صورت بنایا گیا ہے جہاں پر آنے والوں کے لئے کئی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔