کوئلہ کے بلاکس کی نجکاری کے خلاف ریاست تلنگانہ میں سنگارینی کالریز کوئلہ کی کانوں کے ورکرس نے تیسرے روز بھی ہڑتال کی اور اس فیصلے کو واپس لینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مختلف اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ بیشتر ورکرس کی تنظیموں نے احتجاج میں حصہ لیا۔ کسی بھی امکانی صورتحال اور ناگہانی سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری تعداد ان کانوں کے قریب تعینات کر دی گئی تھی۔
پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا جنہوں نے مرکز کے اس فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی اور شدید احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ تین دن سے یہ ہڑتال جاری ہے جس کے نتیجے میں کوئلہ کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اس ہڑتال کی حمایت مختلف ورکرس یونینوں نے کی تھی۔ ان یونینوں نے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی تھی۔
احتجاجیوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے قدم کی شدید مخالفت اور مذمت کرتے ہوئے مرکزی سرکار سے فوری طور اس فیصلے سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔