انعامی کویز میں شیرگھاٹی اور قرب وجوار کے مدارس اسلامیہ ، اسکول کے طلباء وطالبات نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیت وقابلیت کا مظاہرہ کیا۔
شیرگھاٹی میں منعقد انعامی مقابلے میں تقریر ، نعت شریف اور دینی سوالات کو عمدہ طریقے سے طلباء وطالبات نے پیش کیا، جسے سنکر موجود شرکاء نے خوب تعریف کی۔ انعامی مقابلے کے لیے باضابطہ ممتحن حضرات کا پینل مقرر کیا گیا تھا، جس میں علماء کرام ، سیاسی وسماجی لیڈران اور تعلیمی دوست شامل تھے۔
جنہوں نے بچوں کی صلاحیت کو پرکھااور انکے پرفارمنس کے مطابق انہیں نمبرات دیے اور اسی کی بناء پر اول ، دوئم سوئم کا انتخاب ہوا۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر ضلع کے بارہ چٹی کے پارشد عمیر احمد خان عرف ٹکا خان شامل ہوئے۔ مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء اور طالبات کو انعام واکرام سے نوازا گیا۔
پروگرام سے مہمان خصوصی عمیر احمد خان عرف ٹکا خان نے سیرت النبی کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے وقت میں سیرت النبی اور اسلامی تاریخ سے دلچسپی گھٹی تو قوم ذلیل وخوار ہونے لگی کیونکہ ہم پریکٹس کے مسلمان ہو گئے ہیں۔ نماز تو پڑھتے ہیں خشوع وخضوع کے ساتھ نہیں پڑھتے، عبادتوں کے لیے کچھ وقت نکالتے ہیں مگر برائیوں سے بھی پرہیز نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے کہ ہماری عزت وتعظیم گھٹ رہی ہے، روزانہ خسارے کی جانب کھینچے چلے جارہے ہیں۔ اس پر روزانہ بستر پرسونے سے قبل اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے کہ آخر ہم اتنے پریشان کیوں ہیں؟ جسکا جواب شریعت سے دوری ، حقوق العباد سے دوری ، دوسروں کی ضرورت پر اپنا فائدہ ڈھونڈنا کل ملاکر ہر ان چیزوں کو ترک کرنا جس سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا اور ہراس عمل کو اپنانا جسے کرنے کی اجازت دی ہے۔