گیا:ریاست بہار کے شہر گیا میں واقع حضرت پیر منصورؒ کا آستانہ تین سو برس قدیم ہے اور یہاں سے بلا تفریق مذہب وملت سبھی پر روحانی فیضان جاری ہے، چونکہ یہ شہر گیا کے بیچ و بیچ واقع ہے تو اس صورت میں اس پر کچھ لوگوں کی نگاہیں رہتی ہیں۔ Peer Mansoor Waqf Committee Meeting
بتایا جاتا ہے کہ اس وقف کی کئی ایکڑ زمینیں تھی، تاہم اس کی زیادہ تر زمین کو خرد برد کردیا گیا۔ اب اس پر بھی غاصبوں کی نگاہیں ٹکی ہیں، جس کی حفاظت کے لیے وقف بورڈ پٹنہ کی کارروائی تشفی بخش نہیں ہونے کی وجہ سے سوال بھی کھڑے ہونے لگے ہیں۔
گذشتہ ماہ وقف بورڈ پٹنہ نے حضرت پیر منصورؒ کی نئی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے ضلع اوقاف کمیٹی کے تعاون سے یہاں کے ترقیاتی کاموں کو انجام دینا شروع کردیا ہے۔
آج بعد نماز جمعہ پیر منصور آستانہ میں ضلع اوقاف کمیٹی کے صدر آفتاب عالم عرف رنکو کی صدارت میں میٹنگ ہوئی جس پر متفقہ فیصلہ ہوا کہ جن دکانداروں نے سنہ 2014 سے کرایا نہیں دیا ہے ان کو نوٹس دی جائے اگر وہ پھر بھی کرائے کی رقم نہیں دیتے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
یہاں اس آستانہ کے ماتحت 13 دکانیں ہیں، جن سے لاکھوں کی آمدنی ہے، لیکن کئی دکاندار برسوں سے کرائے ادا نہیں کررہے ہیں۔ ساتھ ہی آستانہ سے متصل کچھ زمینوں پر ناجائز طریقے سے مکان بنا کر بھی کچھ لوگ قابض ہیں، جس کو ہٹانے کی کارروائی کی جائے گی۔