شہر کے پربھاوتی ہسپتال میں واقع اے این ایم اسکول کی عمارت کی خستہ حالی اور جرجر ہونے کی وجہ سے گزشتہ مہینوں سے یہاں کلاس بند ہے۔
اسکول کی عمارت سے طالبات کی تعلیم متاثر طالبات نے اس کی شکایت سپرٹنڈنٹ سمیت ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ سے کی۔ لیکن نہ تواسکول منتظمہ اور نہ ہی ضلع انتظامیہ نے ان کی بات سنی۔
حکام کی جانب سے صرف بھروسہ دلایا جاتا رہا ہے کہ جرجر عمارت کی مرمت کا کام کرا دیا جائے گا۔ طالبات سے اسی یقین دہانی کے بعد گزشتہ بارہ جولائی کو ہاسٹل خالی کرا دیا گیا تھا اور ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر یکم اگست سے سبھی طالبات کو منتظمہ نے اسکول طلب کیا تھا۔ مگر جب یکم اگست کو طالبات اسکول پہنچیں تو عمارت کی حالت جوں کی توں ہی تھی۔
مہینوں گزرنے کے بعد بھی مرمت کا کام نہیں کیا جا سکا ہے۔ طالبات نے ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ سے جمعرات کو ملاقات کرکے ہاسٹل میں رہ کر تعلیم کو جاری رکھنے کی اجازت طلب کی۔ سبھی طالبات نے اپنی جوابدہی پر خستہ حال عمارت میں رہنے کے لئے ڈی ایم کو میمورنڈم کی کاپی بھی سونپی۔ ڈی ایم کی اجازت کے بعد طالبات جب اسکول پہنچیں تو سپریٹنڈنٹ نے رہنے کی اجازت دینے سے صاف منع کر دیا۔