ریاست بہار کے ضلع گیا میں کورونا کیسز سے متعلق محکمہ صحت بھی فکر مند ہے۔ سول سرجن برجیش کمار نے باشندوں سے اپیل کی کہ 'لوگ خود بھی اپنا خیال رکھیں، قوت مدافعت بڑھانے کی چیزوں کو استعمال میں لائیں، کورونا سے گھبرائے نہیں بلکہ احتیاطی قدم کے ساتھ ڈٹ کرمقابلہ کریں، اسکے لئے ماسک پہنیں، سماجی دوری کاخیال رکھیں، ہاتھوں کو صابن سے بیس سکنڈ تک دھوئیں، جہاں پانی موجود نہ ہو یاکسی کام میں ہوں تو سینیٹائزر کا استعمال کرتے رہیں۔
برجیش کمار نے کہاکہ' ضلع میں کورونا کے بڑھتے کیسز تو واقعی باعث تشویش ہیں تاہم گائیڈ لائن پر عمل کیا جائے تو یقینی ہے کہ جلد ہی اس وبا سے گیا نجات حاصل کرلے گا، شرط یہ ہے کہ خود کو ذمہ دار تسلیم کریں۔
انہوں نے کہاکہ' کورونا وائرس اگر کسی سامان پر ہوتا ہے تو اس سے خطرہ اس وقت تک نہیں ہوتا جب تک آپ کا ہاتھ اس سے نہ لگے اور پھر اسی سے آپ اپنے منھ اور ناک و آنکھوں کو نہ چھوئیں۔
کورونا وائرس اس وقت ایکٹو ہوتا ہے جب وہ آپ کے ہاتھوں کے ذریعے منھ اور ناک میں جاتاہے، اس لئے کسی بھی سامان کو ہاتھ لگانے کے بعد ہاتھ دھولیں یاسینیٹائز کریں، تبھی کسی حصے کوچھوئیں۔