تقریبا بارہ سو مزدوروں کو لیکر سورت سے خصوصی ٹرین گیا جنشکن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر پہنچی جہاں ایک ایک کرکے مزدور ٹرین سے باہر نکلے، ان سبھی کی اسٹیشن پر جانچ واسکریننگ کی گئی۔
گیا: ایک اور خصوصی مزدور ٹرین گجرات سے آئی سوموار کو آنے والے مزدوروں میں انیس مزدوروں کی مشتبہ مریض کے طورپر پہچان کی گئی ہے۔
پیر کو گیا ریلوے اسٹیشن پر گجرات سورت سے بارہ سو سے زائد مزدور واپس آئے ہیں۔ آج پیر کو آنے والے بھی مزدوروں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے کام بند ہوگئے تھے جس کی وجہ سے کھانے پینے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کچھ دن تعاون ملا لیکن اس کے بعد لوگوں نے کھانا دینا بھی بند کر دیا۔
اس کے بعد جمع رقم خرچ کرنے لگے لیکن جب وہ پیسہ بھی ختم ہوگیا تو زیادہ پریشانی ہوئی۔ اسی دوران خصوصی ٹرین گیا آنے کی اطلاع ملی جس کے بعد وہ یہاں پہنچے ہیں۔
اس ٹرین سے آنے والے مزدوروں نے بھی ٹکٹ کے نام پر بڑے پیمانے پر دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور کہا کہ ان سے کرائے کی رقم زبردستی وصول کی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے بتایاکہ کئی ضلع کے مزدور ہیں جو گجرات سے گیا پہنچے ہیں انہیں ان کے مقام تک بھیجنے کاعمل جاری ہے۔
گیا ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر مزدوروں کو کھانے کے پیکٹ اور پانی کی بوتلیں دی گئیں۔ ساتھ ہی ان مزدوروں کی جانچ کی جارہی ہے جو مشکوک نظرآرہے ہیں انہیں الگ کرکے جانچ کی گئی ہے اور قرنطینہ میں رکھاگیا ہے۔