امرجیت ضلع گیا کے کونچ تھانہ علاقہ کے تحت کوڈیا گاؤں کا رہائشی تھا، وہ سورت کے ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا۔ اکتوبر 2018 میں گجرات میں ہندی بولنے والوں پر ہوئے حملے میں امرجیت کی مشکوک موت ہوئی تھی۔ امرجیت کے والد کو اب بھی انصاف کا انتظار ہے۔
بی ایس ایف میں میجر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے متوفی امرجیت کے والد راجدیو سنگھ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہ سورت گئے تھے۔ لاش کو دیکھ کر یہ نہیں لگ رہا تھا کہ موت کسی سڑک حادثے میں ہوئی ہے۔ اس کے جسم پر مارپیٹ کے نشان لگے تھے۔ سر کا پچھلا حصہ بری طرح سے زخمی ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں انتظامیہ سے بات کی گئی لیکن ان کی طرف سے کوئی تعاون حاصل نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ کو ایک خط لکھا اور اس واقعے سے آگاہ کیا لیکن وہاں سے بھی کوئی جواب نہیں آیا۔ اس وقت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو بھی ایک خط لکھا گیا تھا۔ وہاں سے جواب موصول ہوا کہ کرائم برانچ اس معاملے کی چھان بین کرے گی لیکن دو سال گزرنے کے بعد اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔