نئی دہلی: ملک کے شمالی علاقوں میں پیر کو بھی شدید گرمی جاری رہی۔ ادھر، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ جنوب مغربی مانسون دس جولائی تک دہلی سمیت شمالی بھارت کے بقیہ حصوں تک پہنچ سکتا ہے۔ پچھلے 15 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب مانسون اتنی دیری سے پہنچ رہا ہو۔
پیر کو قومی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ توقع ہے کہ دہلی میں آج (منگل) کو جزوی طور پر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 41 اور 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ہریانہ اور پنجاب میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ گروگرام میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو عام سے چار ڈگری زیادہ ہے۔ آئندہ دو تین دنوں میں اس خطے میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ گروگرام ہریانہ کا سب سے گرم علاقہ رہا۔