دہلی و این سی آر میں منگل کے روز تیز بارش ہوئی۔ صبح سے شروع ہوئی بارش دیر شام تک ہوتی رہی۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا وہیں گلی، محلے اور سڑکوں میں پانی جمع ہو جانے سے راہگیروں کو زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کی وجہ سے دہلی کے باشندوں کو گرمی سے راحت ملی۔
محکمہ موسمیات نے منگل کے روز دارالحکومت دہلی میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ بارش کے بعد دہلی والوں کو نمی اور گرمی سے راحت ملی۔ محکمہ موسمیات نے مطلع کیا تھا کہ منگل کو دہلی میں اچھی بارش ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ اس کے بعد صبح ہی کئی علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔ صبح نو بجے سے ہی ابر آلود تھا، جس کے بعد دہلی میں اچھی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بعد درجہ حرارت میں بھی کمی آئی۔ کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ معمول سے 3 ڈگری کم ہے۔