قومی دارالحکومت دہلی میں ایک طرف جہاں حکومت غریب مزدوروں کو بہتر سہولیات فراہمی کے دعوے کررہی ہے۔ وہیں دوسری طرف شمال مشرقی دہلی کے سلیم پور علاقے کے یومیہ مزدور جی ٹی روڈ پر بیٹھ کر دہلی حکومت کے خلاف ہنگامہ کر رہے ہیں۔
سیکڑوں مزدوروں نے دہلی حکومت پر بنیادی سہولیات نہ ملنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نہ صرف ہنگامہ کیا بلکہ گھر بھیجنے کا مطالبہ بھی کیا۔
پولیس کے اعلی افسران نے موقع پر پہنچ کر مزدوروں کو سمجھانے کی کو شش کی، لیکن مزدوروں کا الزام ہے کہ پولیس افسران نے انہیں سڑک سے ہٹانے کے نام پر ان کے ساتھ برے سلوک کیے اور انھیں ڈنڈوں سے ڈھکیلا۔
آپ کو بتا دیں کہ مزدوروں کا کہنا ہے کہ'حکومت ہمارے لئے کوئی انتظامات نہیں کررہی ہے۔اسی وجہ سے حکومت تک بات پہنچانے کے لئے ہمیں سڑک پر آنا پڑا۔
ان لوگوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں بچا ہے اور جو کھانا حکومت دے رہی وہ موجودہ لوگوں کے لئے ناکافی نہیں ہے۔
حکومت کے دعوؤں کے درمیان بیشتر مزدور جو دھرنے کے لیے یہاں جمع تھے وہ سب بھوکے تھے جب دہلی پولیس کو اس کا علم ہوا تو انہوں نے اپنے اعلی عہدیداروں سے بات کرنے کے بعد ان کے کھانے کے انتظامات کیے۔
پولیس نے ان مہاجر مزدوروں سے معلومات اکھٹا کرنے کے بعد ان کے لئے کھانے کا انتظام کیا اور گھر پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔