نوئیڈا پولیس نے ریمڈیسیور کی بلیک مارکیٹنگ کر رہے افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 3 انجیکشن ضبط کرلیے۔ پولیس نے ایک اطلاع کے بعد حمزہ، مجیب الرحمن اور ڈاکٹر نصرت امام کو سمیترا اسپتال کے قریب سے گرفتار کرلیا۔
ریمڈیسیور کی بلیک مارکیٹنگ، ڈاکٹر سمیت 3 گرفتار - نوئیڈا پولیس
نوئیڈا میں سیکٹر 24 پولیس نے ریمڈیسیور انجیکشن کی بلیک مارکیٹنگ کے الزام میں آج ایک ڈاکٹر سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ڈی سی پی کرائم برانچ ابھیشک سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے ڈاکٹر نصرت کی کار سے ریمڈیسیور کی کے 3 انجیکشن بھی برآمد کرلئے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزمین کورونا سے متاثرہ افراد سے بذریعہ سوشل میڈیا رابطہ کرتے اور انہیں بھارتی قیمت پر ریمیڈیسیور انجیکشن فروخت کرتے تھے۔
تحقیقات میں تینوں ملزمین کے علاوہ دیگر افراد کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے جنہیں پولیس تلاش کررہی ہے۔ وہیں اس بات کا بھی پتہ چلا ہے کہ بعض اسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ کے ارکان مریضوں کے رشتہ داروں کو ان ملزمین کے پاس سے انجیکشن خریدنے کا مشورہ دے رہے تھے، پولیس انہیں بھی تلاش کر رہی ہے۔