اترپردیش کے نوئیڈا میں ڈینگی کا قہر بڑھتا جا رہا ہے۔ شہر اور دیہی علاقوں کے اسپتال میں بیڈ خالی نہیں ہیں، جس کے پیش نظر سماج وادی پارٹی نے ضلع میں ڈینگو کے بڑھتے ہوئے معاملات کو روکنے کے لیے فوگنگ مہم شروع کی ہے۔
سنیل چودھری کی قیادت میں مہا نگر اور لوہیا واہنی کی ٹیم بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لیا۔جس میں مہا نگر نائب صدر شکیل سیفی، لوہیا واہنی کے مہانگر صدر عظیم زیدی، نائب صدر اور ترجمان نور حسن، آصف نورانی، ندیم سیفی، ارشاد سیفی شامل تھے۔ پہلے دن سیکٹر 20، 19، 17، 18،14,15 میں فوگنگ کی جارہی ہے۔ پارٹی نے کہا ہے کہ فوگنگ آگے بھی جاری رہے گی۔
ایس پی رہنما سنیل چودھری نے کہا کہ ضلع میں بخار اور ڈینگو سے اموات کی مسلسل اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علاقے میں فوگنگ نہیں کی جارہی ہے جبکہ لوگ ڈینگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ وہیں سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بروقت علاج نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں نجی ہسپتالوں میں علاج کی وجہ سے لوگوں کے جیبوں پر برا اثر پڑ رہا ہے۔