دہلی ٹیچرس ایسوسی ایشن نے کورونا وبا سے مرنے والے صحافیوں کے خاندان کو مالی امداد کے علاوہ ایک رکن کو سرکاری ملازمت دینے کا مرکزی و ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے۔
کورونا سے ہلاک صحافیوں کو مالی امداد کا مطالبہ - عام آدمی پارٹی
عام آدمی پارٹی کی اساتذہ تنظیم دہلی ٹیچرس ایسوسی ایشن (ڈی ٹی اے) نے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلی کو خط لکھ کر کورونا وبا سے ہلاک ہونے والے صحافیوں کے اہل خانہ کو مالی امداد دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی ذیلی تنظیم کے انچارج ڈاکٹر ہنسراج سمن نے وزیر اعظم، مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اور ریاستوں کے وزرائے اعلی کو ایک خط میں لکھا ہے کہ ملک میں کورونا کا قہر جاری ہے، ایسے میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافی اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض انجام دے رہے ہیں اور لوگوں کو باخبر رکھ رہے ہیں۔
صحافیوں کو حکومت کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہیں دی جارہی ہے۔ ڈاکٹر ہنسراج سمن نے کہا کہ کچھ صحافی کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ بعض صحافیوں کی موت بھی ہوچکی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے بہتر علاج کا بھی مطالبہ کیا۔ ایسوسی ایشن نے مرنے والے صحافیوں کے افراد خاندان کو پینشن دینے کا بھی حکومت سے مطالبہ کیا۔