نئی دہلی: مجلس صرف مسلمانوں کی پارٹی نہیں ہے بلکہ ہر مظلوم کے دل کی آواز ہے۔ اس کے نام سے یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ یہ صرف مسلمانوں کی سیاسی پارٹی ہے، جس طرح دیگر سیاسی پارٹیوں میں مسلمان ہیں اسی طرح مجلس میں بھی دوسرے مذاہب کے لوگ شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کے صدر کلیم الحفیظ President of All India Majlis-e-Ittehad-e-Muslimeen Delhi Kaleem ul-Hafeez نے ترلوک پوری میں ضلع سطح کی کیڈر کانفرنس میں کیا۔
دہلی صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ مجلس کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پیدا کی جاتی ہیں، کبھی کہا جاتا ہے کہ یہ مسلمانوں کی جماعت ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ یہ بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ جب کہ یہ دونوں باتیں ہی غلط ہیں، مجلس میں ہر مذہب کے لوگ ہیں، مہاراشٹر اور تلنگانہ میں کئی کونسلر غیر مسلم ہیں۔
دہلی میں بھی ہمارے ساتھ سب لوگ ہیں، راج کمار ڈھلور جی بالمیکی سماج سے ہیں، راجیو ریاض کا تعلق دلت سماج سے ہے، بندرا جی سکھ سماج سے ہیں، اسی طرح مجلس جہاں جہاں ہے وہاں بی جے پی کو نقصان پہنچا ہے۔ تلنگانہ میں آج تک مجلس نے بی جے پی کو کامیاب نہیں ہونے دیا، اورنگ آباد سے 30 سال سے شیوسینا کی سیٹ ختم کرکے مجلس نے کامیابی حاصل کی۔ دہلی میں بی جے پی کی بی ٹیم عام آدمی پارٹی ہے۔ اب یہ اتر پردیش اور پنجاب میں بھی بی جے پی کو فائدہ پہنچانے جارہی ہے۔