دہلی میں کورونا وائرس کے 487 نئے مریض، 45 کی موت - Number of people recovering
قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 487 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ اس عرصے کے دوران 45 مریضوں کی موت ہوگئی۔
راحت کی بات یہ ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد نئے متاثرین سے کہیں زیادہ درج کی گئی۔ اس عرصے کے دوران، کورونا وائرس سے شفایاب افراد کی تعداد 1058 ریکارڈ کی گئي ہے۔
دارالحکومت میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافےسے زیر علاج مریضوں میں کمی آئی ہے۔ جمعرات کے روز دہلی میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 616 گھٹ کر 8748 پر آگئی ہے۔
دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے آج جاری ہونے والی بلیٹن کے مطابق اس عرصے کے دوران 487 نئے متاثرین سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1427926 تک جا پہنچی ہے، جب کہ شفایاب افراد کی تعداد 13،94،731 ہوگئی ہے ۔
اس دوران مزید 45 مریضوں کے فوت ہوجانے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 24282 ہوگئی ہے۔ دارالحکومت میں اموات کی شرح گھٹ کر صرف 1.71 فیصد رہ گئی ہے۔ دہلی کورونا وائرس سے مرنے والوں کے معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے۔
دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 80046 نمونوں کی جانچ کی گئی۔
دریں اثناء، دارالحکومت میں ممنوعہ علاقوں کی تعداد گھٹ کر 16،287 ہوگئی ہے۔
یو این آئی