اردو

urdu

ETV Bharat / city

مسائل سے توجہ ہٹانے کی سیاست کا پردہ فاش ہوا: کمل ناتھ - کانگریس کی صدر سونیا گاندھی

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک میں مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوششیں کرتی ہے اور انتخابی نتائج سے واضح ہوگیا کہ عوام نےاسے مسترد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی قیادت کی جم کر تعریف کی۔

مسائل سے توجہ ہٹانے کی سیاست کا پردہ فاش ہوا: کمل ناتھ

By

Published : Oct 24, 2019, 10:54 PM IST

مسٹر کمل ناتھ نے یہاں ریاست کی جھابوآ اسمبلی سیٹ کے ضمنی الیکشن میں کانگریس کو ملنے والی فتح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مذکورہ بالا اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھابوآ ہی نہیں ہریانہ، مہاراشٹر اسمبلی انتخابات اور دیگر ضمنی انتخابات کے نتائج سے واضح ہے کہ عوام نے توجہ ہٹانے کی سیاست کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج نے واضح کر دیا ہے کہ عوام بی جے پی سے مایوس ہیں۔

کانگریس کے سینیئر رہنما نےکہا کہ کچھ وقت پہلے ہونے والے لوک سبھا الیکشن کے نتائج کے مقابلے میں آج جو نتائج سامنے آئے ہیں، اس سے صاف ہے کہ ملک کے عوام بی جے پی کے اقتدار میں مایوس ہیں۔ بی جے پی کی حکومت میں ترقی نہیں ہے اور نہ ہی عام لوگوں کا مستقبل محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کے سامنے بے روزگاری اور بدحال معیشت سب سے بڑا چیلنج ہے لیکن مرکزی حکومت ان مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی نیشنلزم (قوم پرستی، راشٹر واد)، کبھی دفعہ 370 تو کبھی پاکستان کی بات کرکے عوام کی توجہ بنیادی مسائل سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔ مرکز کی موجودہ حکومت نے کبھی بھی عام آدمی، غریب اور کسانوں کے حقوق، ان کے مفاد کی باتیں نہیں کیں۔ اسی باعث ملک میں کسادبازاری (مندی) کا دور ہے لیکن مدھیہ پردیش حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے یہاں کوئی فرق نہیں پڑا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بینکنگ سیکٹر کی کیا حالت ہے، یہ کسی سے چھپا نہیں ہے۔

ہریانہ اسمبلی الیکشن کے نتائج کے سلسلے میں مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ وہاں بی جے پی کو اپنی حکومت بنانے کی کوشش بھی نہیں کرنا چاہیے۔ اسے وہاں کےعوام نے مسترد کر دیا ہے۔

مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی کی قیادت کی وجہ سے ہی کانگریس کے انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔ محترمہ گاندھی نے سنہ 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں بھی اپنا جوہردکھایا تھا جب انہوں نے مسٹر اٹل بہاری کی قیادت والی بی جے پی کو شکست دی تھی۔ اس وقت بھی 'شائننگ انڈیا' کا جملہ چھوڑا گیا تھا۔

مسٹر کمل ناتھ نے جھابوآ کے عوام کے تئیں بھی شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہاں کے عوام نے کانگریس کو فتح دلاکر حقیقت کا ساتھ دیا۔ ریاست میں گذشتہ 15 برسوں سے بی جے پی عوام کو دھوکے میں رکھ کر ورغلا رہی تھی۔ اب عوام سب کچھ سمجھ گئے ہیں ،یہ بات بی جے پی اور اس کے رہنماؤں کو بھی اچھی طرح سے سمجھ لینی چاہیے۔

بعدازاں مسٹر کمل ناتھ ریاستی کانگریس کے ہیڈکوارٹر بھی پہنچے اور وہاں پارٹی کے کارکنان سے خطاب کیا۔ کارکنان نے جھابوآ میں پارٹی کی فتح کے لیے مسٹرکمل ناتھ کا گرمجوشی کے ساتھ خیرمقدم کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details