ریاست مدھیہ پردیش میں انسانی حقوق کمیشن نے گونا میں گذشتہ روز دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے دلت جوڑے کی پٹائی کے معاملے میں نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران سے تین ہفتے کے اندر رپوٹ دینے کے لئے کہا ہے۔
کمیشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے ضلع گونا کے جگن پور چک میں سائنس کالج کے لئے مختص زمین میں قبضہ ہٹانے کے دوران گذشتہ منگل کو ایک دلت جوڑے کی جم کر پٹائی کے معاملے میں گونا کے انسپکٹر جنرل آف پولس گوالیار، پولس سپرنٹنڈنٹ اور کلکٹر سے تین ہفتے کے اندر رپورٹ مانگی ہے۔
گذشتہ واقعات کے تعلق سے آپ کو بتا دیں کہ مدھیہ پردیش کے گنا کے جگن پور چک گاؤں میں پی جی کالج کی اس اراضی پر سابق کونسلر گیپو پاردی اور اس کے اہل خانہ کا کئی سالوں سے قبضہ ہے۔ اس نے یہ زمین راجکمار اہیوار کو دی تھی۔ منگل کی سہ پہر گنا بلدیہ کا تجاوزات کا اچانک دستہ ایس ڈی ایم کی سربراہی میں یہاں پہنچا تھا اور راجکمار کی فصل پر جے سی بی چلانا شروع کردیا تھا۔ صرف یہی نہیں سرکاری اراضی سے تجاوزات ہٹانے آئے انتظامیہ کے عملے نے غیر انسانی سلوک کی تمام حدیں پار کرکے ایک کسان کنبہ پر اتنا تشدد کیا کہ اس نے سب کے سامنے زہر پی لی۔