مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے خلاف کورونا کے متعلق تبصرہ کرنے کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے۔
بی جے پی کی نمائندہ کمیٹی نے سابق وزیراعلی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرانے کے بعد بھوپال کی کرائم برانچ میں دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کمل ناتھ کے خلاف کورونا کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے، گزشتہ روز سہ پہر کو بی جے پی قائدین نے بھوپال کے کرائم برانچ میں درخواست دی تھی۔
بھوپال کے علاوہ گوالیار، دھار، اندور، ستنا، ریوا اور ریاست کے دیگر اضلاع کے تھانوں میں بی جے پی رہنماؤں نے کمل ناتھ پر ایف آئی آر درج کرنے کے لیے درخواست دی تھی۔
ایم پی بی جے پی کا ایک وفد اتوار کی سہ پہر بھوپال کے کرائم برانچ پولیس اسٹیشن پہنچا۔ اس وفد نے کمل ناتھ کے بیانات سے متعلق شکایت درج کروائی تھی۔ اس درخواست کے لیے پہنچنے والے وزیر وشواس سارنگ نے کہا تھا کہ کورونا کو انڈین وایریئنٹ کہہ کر کمل ناتھ نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔
عرضی میں یہ بھی لکھا گیا کہ کمل ناتھ کا بیان انتشار پیدا کر رہا ہے اور ملک کو بین الاقوامی سطح پر بدنام کر رہا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ کمل ناتھ نے عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کے کووڈ 19 کو روکنے کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے اور ان کا یہ کام آئی پی سی کے مطابق ملک بغاوت کے مترادف ہے۔
بی جے پی کے حملے کے بعد سابق سی ایم کمل ناتھ کی طرف سے ایک پریس نوٹ بھی جاری کیا گیا۔ اس میں کمل ناتھ نے ریاستی حکومت کو زبردست نشانہ بنایا اور کہا کہ 'ہم نے بحران کے وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ہے لیکن ہماری ذمہ داری ریاست کے لوگوں کی بھی ہے، ہم انہیں مرتا ہوا نہیں چھوڑ سکتے، ہم حکومت کے جھوٹ پر مہر نہیں لگا سکتے، ہم عوامی مفاد کے لیے لڑتے رہیں گے، ہمیں حکومت کے جھوٹے الزامات کی کوئی پرواہ نہیں ہے، ہم حکومت کی کسی بھی ایف آئی آر سے ڈرنے والے نہیں ہیں'۔