بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں ایجوکیشن پورٹل پر آپشنل سبجیکٹ کی فہرست میں اردو زبان کو شامل نہیں کیے جانے سے اردو داں طبقہ میں مایوسی ہے، جس سے ارو زبان کو منتخب کرنے میں طلبا و طالبات کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جسے لے کر تنظیم بزم سرونج کے صدر فرمان ضیائی نے کہا کہ سرکار کو اس پر دھیان دینے کی اشد ضرورت ہے۔
فرمان ضیائی نے بتایا کہ ہم اردو و سے متعلق لوگ اس بات سے بہت خوش تھے اور حکومت کو مبارکباد بھی دی تھی کہ اب سائنس، کامرس اور آرٹس کے تمام طلبہ ایک سبجیکٹ آپشنل کی شکل میں دوسری فیکلٹی زبان کے طور پر اردو لے سکتے ہیں لیکن اردو زبان جو پورے ہندوستان کی ہر دل عزیز زبان ہے اور ہائر ایجوکیشن تک تعلیم حاصل کرنے والے طلباء ابھی تک صرف آرٹس میں ہی اردو سبجیکٹ کی حیثیت سے لے سکتے تھے۔ سائنس اور کامرس والے نہیں لے سکتے تھے۔
اس نئی پالیسی سے یہ امید جگ گئی تھی کہ وہ طلباء جو یو جی میں اردو سبجیکٹ لینا چاہتے ہیں، ہر فیکلٹی کے نصاب میں ایک سبجیکٹ کی حیثیت سے لے سکیں گے۔