اردو زبان کے فروغ کا معاملہ ہو یا اردو اساتذہ کی تقرری یا پھر اردو نصاب کی کتابوں کی وقت پر چھپائی اور تقسیم، مدھیہ پردیش میں اس پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ کافی وقت سے ان تینوں ہی معاملات کو لے کر شکایتوں کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کے ذریعہ شروع کی گئی' رک جانا نہیں مہم' سے بھی اردو طلباء کو محروم رکھا گیا ہے۔ کیا یہ محکمہ تعلیم کی کوئی غلطی ہے یا ریاستی اوپن اسکول کی من مانی' اس محکمے نے ریاست کے اردو طلباء کو حکومت کی ایک اہم اسکیم سے محروم کیا ہے۔ درخواست کی آخری تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی ان طلبہ کی بے چینی میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔
حکومت نے امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کمزور طلبہ کو ایک اور موقع دینے کے ارادہ سے' رک جانا نہیں کا منصوبہ شروع کیا ہے۔
اس مہم کے ذریعے جو طلباء ایک سے زیادہ مضامین میں سپلیمنٹری حاصل کرتے ہیں انہیں امتحان دے کر اگلی کلاس میں جانے کا موقع ملتا ہے۔