بھاگلپور کے صدر اسپتال میں کورونا جانچ کے لئے بنائے گئے کاؤنٹرز پر لوگ قطاروں میں کھڑے ہیں۔ بھاگلپور کے ڈرگس انسپیکٹر ڈاکٹر منوج کمار نے بتایا کہ' جانچ میں تیزی لائی جا رہی ہے کیونکہ اس نئے لہر میں کورونا بیماری انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے جو باعث تشویش ہے۔
بھاگلپور میں تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز
بھاگلپور ریاست بہار کے ان اضلاع میں شامل ہوگیا ہے جہاں کورونا کے سب سے زیادہ فعال کیسز ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صدر اسپتال سمیت دیگر مقررہ جانچ مراکز پر کورونا کی جانچ کرانے والوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
ریاضی کےایک ریٹائرڈ پروفیسر اچوتا نند تومر کا کہنا تھا کہ پہلے وہ ڈر سے ویکسن نہیں لے رہے تھے لیکن کورونا کی نئی لہر کو دیکھتے ہوئے آخر کار وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ویکسینیشن لینے آئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں بلکہ کورونا سے حفا ظت کے لیے ٹیکہ ضرور لگوائیں، اس وباء پر قابو پانے کا یہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
کورونا سے نمٹنے کے لئے سرکاری سطح پر کیے جا رہے انتظامات کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر منوج نے بتایا کہ' حکومت نے ضلع میں 1600 لوگوں کی جانچ کا ہدف مقرر کیا ہے لیکن یہاں تقریبا 2200 لوگوں کی یومیہ جانچ ہو رہی ہے، انہوں نے لوگوں سے ماسک لگانے اور سماجی دوری کا خیال رکھنے کی بھی صلاح دی۔