یہ ریاست بہار کی سلک نگری بھاگلپور کی بدرعالم پور کالونی ہے، جو بھاگلپور اسٹیشن سے محض چند کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے، جہاں کی مرد و خواتین کو آج بھی پانی کے لئے کئی کیلو میٹر دور جانا پڑتا ہے۔ مسلم اکثریتی آبادی والے اس علاقے میں نہ تو پکی سڑکیں ہیں اور نہ ہی پینے کا صاف پانی۔ بڑی کوشش کے بعد نل جل منصوبہ کے تحت ٹنکی بنی اور موٹر لگا تو امیدوں کا چراغ روشن ہوا کہ اب ان کے پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، لیکن پانی کا موٹر چند مہینے بعد ہی خراب ہو گیا اور مہینوں سے خراب پڑا ہے۔ اس کی سدھ لینے والا کوئی نہیں ہے۔
مقامی لوگوں کی مانیں تو موٹر اور فلٹر مشین سب پرانی لگائی گئی تھی، جس میں زنگ لگا ہوا تھا۔ ایسا لگ رہا تھا کہیں سے پرانا مال اٹھاکر لگا دیا ہو، جس کی ان لوگوں نے مخالفت بھی کی تھی، لیکن افسر شاہی سے کون جیت سکتا ہے؟ چند مہینے میں ہی موٹر اور فلٹر مشین خراب ہو گئی اور اب بارہا شکایت کے باوجود نہ تو موٹر ٹھیک کیا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی افسر اسے دیکھنے آتا ہے۔ جس سے مقامی لوگوں کو پانی کی بہت زیادہ پریشانی ہو رہی ہے۔