بریلی پولس نے ستسنگی میاں۔ بیوی کے قتل سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ اس دوہرے قتل کے معاملے میں قاتل کو بے نقاب کرتے ہوئے پولس نے انکشاف کیا ہے کہ قاتل کا ستسنگی پریوار میں آنا جانا تھا۔ گزشتہ کئ برس سے وہ مقتولہ روپا ستسنگی کو اپنے آٹو رکشہ سے بینک لے جاتا اور شام کوگھر واپس بھی لاتا تھا۔
بریلی شہر کے بے حد پاش علاقے گُل مُہر پارک میں رہنے والے روپا ستسنگی اور اسکے شوہر نیرج ستسنگی کو گزشتہ برس 24 اکتوبر کو رات 10 سے 11 بجے قتل کر دیا گیا تھا۔
قاتل بے حد پاش اور محفوظ کالونی سے آسانی سے فرار ہو گیا۔ پولس کو پہلا شک یہی ہوا تھا کہ قاتل اس گھر اور کالونی کے بابت بخوبی واقف ہے۔
تمام مکانات پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے سے کالونی میں آمد و رفت کرنے والے راہ گیروں کی تصویریں دیکھیں تو پولیس کو سراغ ملا اور پولس نے اس قتل کی تمام بکھری ہوئ کڑیوں کو جوڑنے کا کام کیا۔ قتل کی وجوہات کے ساتھ ساتھ تمام سامان اور قتل میں استعمال شدہ موسلی بھی برآمد کر لی گئی۔
پولس کے مطابق قتل کا ملزم انوراگ بھاگوانی کا ستسنگی کے گھر آنا جانا تھا۔ اس درمیان روپا اور انوراگ میں کافی نزدیکیاں بڑھ گئ تھیں۔
واضح رہے کہ روپا کے شوہر گزشتہ 15 برس سے پیرالائزڈ ہونے کی وجہ سے معزور تھے ۔ بیٹا انّو دہلی میں رہکر نوکری کرتا ہے۔ 31 جولائ 2019 کو بینک میں اسسٹینٹ منیجر کے عہدے پر فائز روپا ستسنگی رٹائر ہونے والی تھیں جس کے بعد وہ بریلی شہر چھوڑکر دہلی میں اپنے معزور شوہر اور بیٹے کے ساتھ رہنا چاہتی تھیں۔ یہی بات انوراگ بھاگوانی کو کافی ناگوار گزری اور اُس نے روپا ستسنگی کے سر میں موسلی سے تابڑ توڑ حملے کرکے موت کی نیند سُلا دیا۔ اس واردات کے واحد گواہ معزور شوہر نیرج کو بھی انوراگ نے ثبوت مٹانے کی غرض سے مار دیا۔ قتل کرنے میں انوراگ کامیاب تو ہو گیا، لیکن سی سی ٹی وی میں قید ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے اسکی شناخت کر لی اور وہ پولس کی گرفت میں لے لیاگیا۔