ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں واقع ایم جے پی روہیل کھنڈ یونیورسٹی میں آن لائن کلاسز شروع ہونے کے ساتھ ہی طلباء و طالبات کو سہولیات مہیا کرانے کی مکمل کوشش کی جارہی ہے۔
جس کے لے یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا و طالبات کی سہولیت کے لیے ڈیجیٹل لائبریری شروع کی ہے، طلباء ملک اور بیرون ممالک میں کہیں بھی ہوں تو وہ ڈیجیٹل لائبریری کی مدد سے نہ صرف مطالعہ کرسکتے ہیں، بلکہ اپنے نصاب سے متعلق تمام مشکلات کا حل بھی تلاش کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں میں درس و تدریس کے پیشِ نظر آن لائن کلاسز شروع ہوگئی ہیں۔ حکومت اترپردیش نے تمام اساتذہ کے کیمپس میں آنے یا نہ آنے کا فیصلہ لینے کے لیے وائس چانسلر اور پرنسپل کو اختیار دے دیا ہے۔
روہیل کھنڈ یونیورسٹی میں 31 مئی تک تعطیل گرما کا اعلان پہلے ہی کر دیا گیا تھا۔ ایسے حالات میں یونیورسٹی میں اساتذہ کی حاضری یکم جون سے بھی ہو سکتی ہے۔
حکومت اترپردیش کی جانب سے یونیورسٹی میں آن لائن درس و تدریس کے متعلق رجسٹرار نے تمام ڈگری کالجوں کو مکتوب جاری کر دیا ہے۔ آن لائن کلاسز شروع ہونے کے بعد طلباء و طالبات نے بھی دلچسپی دکھائی ہے۔
ابتدائی طور پر ڈیجیٹل لائبریری میں بھی تعلیم سے متعلق مواد سرچ کیا جا رہا ہے۔ طلباء و طالبات کو ڈیجیٹل لائبریری میں کورس بھی مل رہا ہے اور ضروری مواد بھی۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے تمام اساتذہ کو طلباء وطالبات سے رابطہ قائم کرکے کورس کنٹینٹ کو ڈیجیٹل لائبریری میں اپلوڈ کرنے کے لیے کہا ہے۔ حالانکہ آن لائن درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد ابھی بھی امتحان کے متعلق تذبذب کے حالات ہیں کہ مرکزی یا ریاستی حکومت امتحان منعقد کرائے گی یا پھر طلباء وطالبات کو بغیر امتحان کے ہی پروموٹ کر دیا جائے گا۔