جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایسے گاؤں بھی موجود ہیں جہاں موبائل ٹاور نہیں ہیں۔ یہاں موبائل صارفین اپنے فون کا استعمال کرنے کے لیے کئی کلو میٹر تک کا سفر کرتے ہیں۔
ہم بات کر رہے ہیں بارہمولہ کے تحصیل آفس سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دضناہ لچھی پورہ گاؤں کی۔ یہاں کے موبائل صارفین اپنے موبائل کا استعمال کرنے اپنے گھر سے چار کلومیٹر دور جاتے ہیں۔
کووڈ-19 کی وبا اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے بچوں کے لیے آن لائن کلاسیز شروع کرنے کا حکم جاری کیا، لیکن اس گاؤں کے بچوں کو آن لائن کلاسیز لینے میں خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیٹ ورک کی کمی اسکول اور کالج کے بچوں کے لیے مسائل کا باعث ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق بچوں کو کلاسیز لینے کے لیے کافی دور جانا پڑتا ہے۔ جنگلی راستہ ہونے کی وجہ سے یہاں جنگلی جانوروں کا بھی خطرہ رہتا ہے۔
لوگوں کے مطابق 'یہاں اسکول اور کالج کے طلباء کو اسکول داخلہ فارم، اسکالرشپ فارم، نوکری کے لیے فارم بھرنا ہو تو انہیں اس کی معلومات اس وقت ملتی ہے جب فارم بھرنے کی تاریخ ختم ہو جاتی ہے۔ کیوںکہ یہاں انٹرنیٹ نہیں ہے'۔