ضلع اننت ناگ میں واقع عالمی شہرت یافتہ وادیٔ پہلگام کو قدرت نے اپنی کاریگری سے سجایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیر و تفریح پر جانے والے بیشتر مقامی ملکی و غیر ملکی سیاح اس جگہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ تاہم کچھ خودغرض عناصر اپنا مزہ لوٹنے کے لیے یہاں کے فطری حسن کو داغدار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں ٹریکیرس کی جانب سے پہلگام کے چند ٹریکنگ مقامات پر کھدائی کرنے اور آلودگی پھیلانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ جس کے بعد پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے ایک حکمنامہ جاری کیا۔ حکمنامہ کے مطابق پہلگام میں بغیر اجازت ٹریکرس کو ٹریکنگ کرنے کی اب اجازت نہیں ہوگی۔
حکمنامہ کے مطابق ٹریکرس کو ٹریکنگ سے قبل باضابطہ طور پر متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی۔
متعلقہ حکام کے مطابق انہیں شکایات موصول ہورہی تھی کہ چند ٹریکنگ گروپس نے ٹریکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچایا ہے۔
ماحولیات کی حفاظت کو ممکن بنانے کے خاطر حکم دیا گیا ہے کہ کسی بھی ٹریکنگ گروپ کو مجاز حکام کی اجازت کے بغیر ٹریکنگ کی اجازت نہ دی جائے۔ ان ٹریکنگ مقامات میں لدرواٹھ، ٹارسر مارسر، کولہائی گلیشیر، کتری ناگ، تُلین اور شیش ناگ جھیلیں شامل ہیں۔