منوج سنہا نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلی جانے والی یک روزہ میچوں کی سیریز میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا ہے۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: 'بورڈ آف ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن انڈیا کی طرف سے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے فیروز احمد گنائی اور ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے نعیم احمد ملہ کو بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو جموں و کشمیر کے لیے فخر کی بات ہے۔ بنگلہ دیش کے ساتھ کھیلی جانے والی یک روزہ میچوں کی سیریز میں آپ کی کارکردگی سے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور بھارت کا سر فخر سے بلند ہوگا'۔
ہم آپ کو بتادیں کہ ضلع بڈگام کے آرتھ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ نعیم احمد ملہ، جو پیشے کے لحاظ سے ایک شال فروش ہے، نے پہلے ہی قومی سطح پر کھیلا ہے۔
ان کو یک روزہ میچوں کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ اور ٹی ٹونٹی میچز میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔