دو روز قبل حد بندی کمیشن Delimitation Commission کی جانب سے ڈرافٹ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد جہاں مختلف پارٹیوں نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس رپورٹ کی مخالفت کی ہے، وہی میونسپل کمیٹی کوکرناگ Municipal Committee Kokranag کے صدر پرنس شیخ نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ ہم حد بندی کے ڈرافٹ رپورٹ سے مطمئن نہیں ہیں، کیونکہ حد بندی کمیشن نے کوکرناگ کا تشخص بگاڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوکرناگ کو ایس ٹی کے زمرے میں لایا گیا، ہم اس کے خلاف نہیں ہیں، البتہ اس ڈرافٹ رپورٹ میں کہیں نہ کہیں کوکرناگ کا وجود ہی مٹنے جا رہا ہے۔
میونسپل صدر پرنس شیخ نے کہا کہ پورے ملک میں کوکرناگ 43 کی اپنی ایک الگ پہچان تھی، تاہم حد بندی کمیشن کے ڈرافٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد کوکرناگ کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے کوکرناگ کے کئی علاقوں کو حلقہ انتخاب ڈورو سے جوڑا گیا ہمیں کمیشن کی یہ رپورٹ منظور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حد بندی کمیشن کوکرناگ کے وائلو علاقے سے الگ ایک ایس ٹی حلقے کے زمرے میں لایا جاتا اور وائلو سے نچھلے علاقے کو اپنی جگہ پر مرکوز رکھتے تو مجھے لگتا ہے کہ اس میں کوئی بھی شخص ناراضگی کا اظہار نہیں کرتا، لیکن جس طرح سے کمیشن نے رپورٹ منظر عام پر لایا ہے ہم اس کے خلاف ہیں۔انہوں نے کوکرناگ کے سابقہ سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بارے میں اپنا رد عمل ظاہر کریں، تاکہ کوکرناگ کا تشخص برقرار رہ سکے۔