ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا تیس کلو میٹر کی دوری پر پہاڑیوں کے دامن میں واقع لسو برناڈ علاقے کی خستہ حال سڑکوں سے عام لوگوں خاص کر اسکولی بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق رابطہ سڑک پر کئی ماہ قبل مرمت کا کام شروع کیا گیا تاہم سست رفتاری کی وجہ سے ابھی تک مکمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ جس کے سبب علاقہ کی کثیر آبادی کو روز مرہ کی زندگی کے دوران کافی دقتیں پیش آ رہی ہیں۔
خستہ حال سڑک سے عوام نالاں جہاں بارش کے دوران مذکورہ سڑک پر چلنا پھرنا مشکل ہو جاتا ہے وہیں خشک موسم میں گرد و غبار سے لوگ بیمار ہو جاتے ہیں۔ اور سڑک کی خستہ حالی سے حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
تین ماہ قبل سڑک کے کنارے تعمیر کئے گئے باندھ پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے۔ باندھ پر بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں اور مواد اکھڑ کر گر رہا ہے۔
اس حوالے سے مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ سڑک کی تجدید و مرمت کے کام میں سرعت لانے کے ساتھ ساتھ باندھ تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے۔