اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں شام کے وقت نامعلوم حملہ آور نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر پر گولی چلائی جس میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے جس کے بعد انہیں فوری طور پر سب ضلع ہسپتال میں داخل کیا گیا، تاہم حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں سرینگر منتقل کیا گیا تھا جہاں دوران علاج انہوں نےدم توڑ دیا۔
ہلاک اے ایس آئی کی شناخت محمد اشرف کے طور پر ہوئی ہے جو اونتی پورہ کے رہنے والے تھے۔
بتایا جا رہا ہے کہ محمد اشرف کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ سب ضلع ہسپتال کے قریب اپنی نجی کار میں سوار تھے۔
اس واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو محاصرہ میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ یہ آج کا دوسرا واقعہ ہے۔ کچھ دیر قبل سرینگر کے نواکدل عیدگاہ علاقہ میں بھی نامعلوم بندوق برداروں نے رؤف احمد نام کے ایک مقامی شخص کو گولیوں کا نشانہ بنایا جس میں اس کی موت واقع ہوگئی ہے۔