کیرالہ کے سابق آئی اے ایس افسر کنن گوپی ناتھن جوں ہی پریاگ راج ایئرپورٹ پہنچے انھیں حراست میں لے لیا گیا۔
اس بات کی اطلاع اتوار کے روز پولیس نے دی۔
واضح رہے کہ گوپی ناتھن سنیچر کو دہلی سے پریاگ راج 'ہندوستان کی شہریت ، آئین کو بچانے ، جمہوریت کو بچانے' کے موضوع پر آل انڈیا پیپلز فورم کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔
گوپی ناتھن کے ایئرپورٹ سے باہر جانے سے روکنے پر ٹویٹ کرنے کے بعد ان کی نظربندی کا معاملہ سامنے آیا۔
سابق آئی اے ایس افسر نے کہا 'جیسے ہی میں باہر کی جانب نکلے ویسے ہی دس پولیس والے میرے پاس آئے اور مجھ سے میری شناخت پوچھی، جب میں نے انہیں اپنا نام بتایا تو وہ مجھے وی آئی پی روم میں لے گئے اور اس کے بعد مجھے وہاں سے سکیورٹی روم میں لے جایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'پولیس نے مجھ سے الہ آباد چھوڑنے کے بعد میرے منصوبوں کے بارے میں پوچھا اور جب میں نے انہیں بتایا کہ مجھے سنیچر کی رات کو دہلی سے فلائٹ لینا ہے تو انہوں نے مجھے دہلی واپسی کی پرواز پر روانہ کیا۔
واضح رہے کہ گوپی ناتھن اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد لوگوں کے بنیادی حقوق کی پامالی کی بنیاد پر اپنی خدمات سے استعفیٰ دے دیا۔