گجرات کے راج کوٹ اور گرد و نواح کے علاقوں میں جمعرات کی صبح درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ایک ماہ کے دوران مسلسل تیسری بار یہ جھٹکے محسوس کئے گئے۔
زلزلہ ریسرچ سینٹر، گاندھی نگر کے مطابق صبح سات بجکر 40 منٹ پر یہ جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریختر پیمانے پر 4.8 درج کی گئی۔ زلزلے کا مرکز راج کوٹ سے 18 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا جسے راج کوٹ کے علاوہ امریلی، جام نگر، سریندر نگر، جونا گڑھ، دوارکا وغیرہ میں بھی محسوس کیا گیا۔ اس کے سبب خوف زدہ ہوکر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلے سے جان و مال کے کسی طرح کے نقصان کی کوئی تصدیق شدہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق راج کوٹ ضلع کے کولیتھڑ گاؤں میں جی بی کوٹک اسکول کی چھت کو نقصان پہنچا ہے۔ کچھ مقامات پر پرانے گھروں میں دراڑیں پڑگئی ہیں۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے متعلقہ ضلع کلکٹر سے بات کی۔
واضح رہے کہ گجرات زلزلے کے لحاظ سے زیادہ حساس علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں گجرات کے بعض اضلاع میں 5.2 اور 4.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، تاہم ان میں بھی جان و مال کے کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔