نئی دہلی: مہنگائی کے محاذ پر کوئی اچھی خبر نہیں ہے۔ مسلسل نویں مہینے ریزرو بینک کے افراط زر کے ہدف سے اوپر رہی ہے۔ اشیائے خوردونوش مہنگی ہونے کی وجہ سے ستمبر میں خوردہ افراط زر بڑھ کر 7.41 فیصد ہو گیا۔ خوردہ افراط زر مسلسل 9ویں مہینے میں ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) کی 2-6 فیصد کی سطح سے زائد ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی خوردہ افراط زر ستمبر میں 7.41 فیصد تک پہنچ گئی۔ اگست میں یہ 7 فیصد اور ستمبر 2021 میں 4.35 فیصد تھی۔ اشیائے خوردونوش کی مہنگائی اگست میں 7.62 فیصد سے بڑھ کر رواں برس ستمبر میں 8.60 فیصد ہوگئی۔ Retail inflation rises to 7.41% in September
اگر مہنگائی 6 فیصد سے زیادہ ہوتی ہے تو آر بی آئی کو مرکزی حکومت کو رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ اس رپورٹ میں، آر بی آئی کو یہ بتانا ہوگا کہ وہ خوردہ افراط زر کو 2-6 فیصد کی حد میں رکھنے میں کیوں ناکام رہا۔ مرکزی حکومت نے آر بی آئی سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ خوردہ افراط زر دو سے چھ فیصد کی حد میں رہے۔ قبل ازیں، آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا تھا کہ رواں مالی برس کے آغاز میں جب درآمدی افراط زر کے دباؤ میں کمی آئی ہے، خوراک اور توانائی کی اشیاء میں دباؤ برقرار ہے۔ اس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں ریپو ریٹ مزید بڑھ سکتا ہے۔ آر بی آئی نے مئی سے اب تک اس میں 1.90 فیصد اضافہ کیا ہے۔