نئی دہلی: مہنگائی سے پریشان عام آدمی کو مارچ کی پہلی تاریخ میں ایک اور دھچکا لگا ہے۔ پیٹرولیم اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے کمرشل گیس (ایل پی جی) سلنڈر کی قیمت میں 350.50 روپے اور گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے اضافہ کیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 14.2 کلوگرام کا ایل پی جی سلنڈر اب دہلی میں 1,103 روپے میں دستیاب ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی کمرشل ایل پی جی کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں آج سے 19.2 کلو کا کمرشل ایل پی جی سلنڈر 2,119.50 روپے میں فروخت ہوگا۔ لکھنؤ میں اب گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1,140 روپے ہوگی۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں ریاست سے دوسرے ریاست میں مختلف ہوتی ہیں کیونکہ ان کا انحصار ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹیشن چارجز پر ہوتا ہے۔ اس سے قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سی) نے نئے سال کے موقع پر کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا تھا۔
گزشتہ چند برسوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم اپریل 2017 سے 6 جولائی 2022 کے درمیان ایل پی جی کی قیمتوں میں 58 بار تبدیلی کی گئی۔ جس کی وجہ سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔ اپریل 2017 میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 723 روپے تھی اور جولائی 2022 تک اس کے 45 فیصد اضافے سے 1,053 روپے ہونے کی امید ہے۔