نئی دہلی: بدھ کے روز صبح کے کاروبار میں اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص میں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی۔اسٹاک مارکیٹ کے کمزور رجحان کے درمیان گروپ کمپنیوں کے حصص مسلسل گرتے رہے۔ بی ایس ای پر اڈانی انٹرپرائزز کے حصص 9.31 فیصد گر گئے۔ اڈانی پاور، اڈانی ٹرانسمیشن، اڈانی ٹوٹل گیس اور امبوجا سیمنٹ وغیرہ کے حصص پانچ فیصد گر گئے۔ اڈانی گرین انرجی 4.99 فیصد، اڈانی ولمار 4.99 فیصد اور این ڈی ٹی وی 4.45 فیصد نیچے تھی۔ اڈانی پورٹس کے حصص 4.38 فیصد اور اے سی سی تین فیصد کے نقصان پر ٹریڈ جاری تھا۔
کئی گروپ کمپنیوں کے حصص صبح کے کاروبار میں اپنے نچلے سرکٹ کو چھو گئے۔ صبح کی تجارت میں 30 حصص والا بی ایس ای سینسیکس 596.95 پوائنٹس یا 0.98 فیصد کے نقصان کے ساتھ 60,075.77 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ امریکہ کے شارٹ سیلر ہنڈن برگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد سے اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئرز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ اس رپورٹ میں گروپ پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا ہے۔ تاہم گروپ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ امریکی مرکزی بینک کے اجلاس کی تفصیلات جاری ہونے سے قبل کمزور عالمی رجحان کے درمیان بدھ کے روز مقامی اسٹاک مارکیٹ ابتدائی تجارت میں کمی کے ساتھ کھلی۔