ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر فیچر فون کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت متعارف کرائی ہے۔ آر بی آئی کے گورنر ڈاکٹر شکتی کانتا داس نے منگل کے روز "UPI123pay" کے نام سے اس سہولت کا افتتاح کیا جس کے تحت صارفین تین مراحل کے اقدامات کے ذریعہ محفوظ طریقے سے ڈیجیٹل ادائیگی کر سکتے ہیں۔ RBI Launches UPI For Feature Phones
اس سہولت کے ساتھ ملک میں اسمارٹ فونز اور فیچر فون استعمال کرنے والے صارفین ڈیجیٹل لین دین کی سہولت کے لحاظ سے برابر ہوجائیں گے اور اس سے بھارت میں ڈیجیٹل معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔
اس سہولت کے متعارف ہونے سے ملک میں 40 کروڑ افراد ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، جو فی الحال صرف فیچر فون صارفین استعمال کرتے ہیں۔
نئی یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (UPI) سروس کو جاری کرتے ہوئے، RBI گورنر نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو فروغ دینے کے لیے مرکزی بینک نے گزشتہ تین برسوں میں 50 اقدامات کیے ہیں۔
آر بی آئی گورنر نے کہا کہ 'بھارت کی ڈیجیٹل معیشت گزشتہ برسوں میں تیزی سے پھیلی ہے۔ UPI نے اس کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے، جس میں فروری 2022 میں 8.26 لاکھ کروڑ روپے کے 453 کروڑ لین دین ہوئے ہیں۔ یہ تعداد پچھلے سال کے اسی مہینے کے مقابلے دوگنی ہے۔'