ممبئی: کووڈ۔19 ٹیکہ کاری پر جاری پیشرفت کے درمیان گھریلو اسٹاک مارکیٹ جمعہ کے روز مسلسل آٹھویں دن مستحکم رہی اور بی ایس ای سینسیکس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی ایک نئی اونچائی پر پہنچ کر نئے سال کا خیر مقدم کیا۔
سینسیکس میں مسلسل آٹھویں دن میں تیزی رہی اور 117.65 پوائنٹز یعنی 0.25 فیصد کے اضافے سے 47،868.98 کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔ نفٹی بھی 36.75 پوائنٹز یعنی 0.26 فیصد کے اضافے کے ساتھ 14،018.50 پوائنٹز کی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔ نفٹی پہلی مرتبہ 14،000 کے پوائنٹز سے آگے بند ہوا۔ جمعرات کو 0.20 کی معمولی کمی کے علاوہ آخری آٹھ میں سے باقی سات کاروباری دن یہ بھی سبز نشان میں بند ہوا ہے۔
سرمایہ کاروں نے درمیانے اور چھوٹی کمپنیوں پر زیادہ اعتماد ظاہر کیا۔ بی ایس ای کا مڈ کیپ 1.24 فیصد اضافے کے ساتھ 18،164.48 پوائنٹز اور اسمال کیپ 0.90 فیصد اضافے سے 18،261.03 پوائنٹز پر بند ہوا۔