ممبئی: آئی ٹی، ٹیک، بینکاری اور مالیاتی شعبے کی کمپنیوں میں زبردست خریداری کی بدولت گھریلو شیئر بازاروں میں آج تیزی کا رجحان حاوی رہا اور سنسیکس ڈھائی مہینے کے بعد 51000 پوائنٹس سے بھی اوپر بند ہوا۔
بی ایس ای کا حساس انڈیکس سنسیکس 379.99 پوائنٹس یعنی 0.75 فیصد اضافے کے ساتھ 51017.52 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو 10 مارچ کے بعد اس کی بلند ترین سطح ہے۔ منگل کے روز اس میں 0.03 فیصد کی معمولی گراوٹ درج ہوئی تھی۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے نفٹی میں مسلسل چوتھے روز تیزی رہی اور یہ 93 پوائنٹس یعنی 0.61 فیصد اضافے کے ساتھ 153030.45 کی سطح پر بند ہوا۔ 16 فروری کے بعد پہلی بار نفٹی 15300 کے نشان کے اوپر بند ہوا ہے۔
کووڈ-19 کے زير علاج مریضوں کی تعداد میں پچھلے چند دنوں سے لگاتار کمی آنے کی وجہ سے شیئر بازار میں سرمایہ کاری کا رجحان مضبوط بنا ہوا ہے۔ آج کے کاروبار میں سنسیکس اور نفٹی کی شروعات اضافے کے ساتھ ہوئی۔ صبح کچھ دیر کے لیے دونوں اشاریے سرخ نشان میں آگئے، لیکن وہ فوری طور پر واپسی کرنے میں کامیاب ہوگئے اور اس کے بعد ان کا گراف اوپر چڑھتا ہی چلا گیا۔