ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آج ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں 28 پیسے اور ڈیزل 33 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔
یہ مسلسل چوتھا دن ہے جب دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ آج کے اضافے کے بعد ان کی قیمت اب تک کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ چار دنوں کے دوران پٹرول 87 پیسے اور ڈیزل ایک روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں جمعہ کو پٹرول 28 پیسے اضافے کے ساتھ 91.27 روپے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 31 پیسے بڑھ کر 81.73 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
گذشتہ سطح ریکارڈ 27 فروری سے 23 مارچ 2021 تک رہا تھا۔ اس کے بعد چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران چار دن پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کٹوتی کی گئی تھی جبکہ بقیہ دن قیمتیں مستحکم رکھی گئی تھیں۔ انتخابی نتائج کے بعد چار مئی سے دونوں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔