ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آج ریپبلک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر رام داس اٹھاولے نے کہا کہ عام انتخابات کے نتائج کے بعد ہم سماجوادی اپارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کا نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) میں استقبال کرتے ہیں، تاکہ ریاست میں ترقیاتی کام بہتر ہو سکے۔
ریپبلک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر رام داس اٹھاولے نے دعویٰ کیا کہ اترپردیش میں بی جے پی عام انتخابات میں 73 سے زائد سیٹ جیت کر رکارڈ قائم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات اور ہے کہ بی جے پی کی ہار اور جیت کا فرق ووٹوں میں کم ہو سکتا ہے، لیکن اگر پورے ملک کی بات کیا جائے تو 282 سے زیادہ سیٹیں بی جے پی جیت رہی ہے، اور بی جے پی ہی دوبارہ حکومت سازی کرے گی۔
رام داس اٹھاولے نے کہا کہ اس بار شمالی مشرقی ریاستوں میں فی الحال بی جے پی کی آٹھ سیٹیں ہیں، جبکہ وہاں پر کل 28 سیٹ ہیں، لہذا اس بار وہاں سے بی جے پی 18 سے 19 سیٹ پر جیت درج کر سکتی ہے۔