رام ولاس پاسوان نے راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا
لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لے لیا۔
رام ولاس پاسوان نے صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد ہندی میں رکنیت کا حلف لیا۔ وہ بہار سے راجیہ سبھا کے لئے بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ پاسوان نے لوک سبھا کا الیکشن نہیں لڑا تھا۔ اراکین نے میزیں تھپتھپاکر مسٹر پاسوان کا استقبال کیا۔
چیرمین ایم ونکیا نائیڈو نے پاسوان کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی رکنیت کے بارے میں بتانے کے لئے کہا۔ اس کے بعد رام ولاس پاسوان نے کہاکہ وہ گیارہ بار لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔ وہ نو بار لوک سبھا میں اور دو بار راجیہ سبھا کے رکن رہے ہیں۔
اس پر ونکیا نائیڈو نے کہا کہ شرد پوار بھی لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 14مرتبہ رکن رہے ہیں اور یہ اچھی بات ہے کہ دونوں راجیہ سبھا کے رکن ہیں۔
بعد میں اشونی ویشنو نے بھی راجیہ سبھا کی رکنیت کا حلف لیا۔ ویشنو آئی اے ایس کے سابق افسر ہیں اور حال میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے اڑیا زبان میں حلف لیا۔