ترنمول کانگریس کے رہنما انوبرتا منڈل 30 اپریل تک گھر میں نظر بند - کھیلا ہوبے
الیکشن کمیشن نے ترنمول کانگریس کے رہنما اور رکن اسمبلی انو برتا منڈل کو 30 اپریل تک گھر میں نظر بند کرنے کا حکم دیا۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے درمیان مغربی بنگال میں آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے لئے تمام تر تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
جمعرات 29 اپریل کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے تحت پانچ اضلاع کی 35 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔
اسی درمیان بیربھوم ضلع سے ترنمول کانگریس کے لئے بری خبر آئی ہے۔ بے باک رہنما اور رکن اسمبلی انو برتا منڈل پر گھر سے باہر نکلنے پر 72 گھنٹوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتخابی کمیشن نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے رہنما اور رکن اسمبلی انو برتا منڈل کو 30 اپریل تک گھر میں نظر بند کرنے کا حکم دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے بیربھوم ضلع ترنمول کانگریس کے صدر اور امیدوار انوبرتا منڈل 27 ایریل شام سات بجے سے لے کر 30 اپریل شام سات بجے تک نظر بند رہیں گے.
ترنمول کانگریس کے رہنما انوبرتا منڈل پر انتخابی تشہیر بند ہونے کے باوجود متنازع نعرہ کھیلا ہوبے، بھیانکر کھیلا ہوبے اور فائن کھیلا ہوبے کا استعمال کرنے پر 72 گھنٹوں کی پابندی عائد کی گئی ہے.
الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد پابندی کو لے کر ترنمول کانگریس کے رہنما انوبرتا منڈل نے کچھ بھی نہیں کہا ہے.
دوسری جانب بیربھوم ضلع ترنمول کانگریس کے صدر انوبرتا منڈل نے سی بی آئی دفتر میں حاضر ہونے سے معذرت کر لی ہے.
انہوں نے سی بی آئی کے نام لکھے اپنے خط میں کہا کہ ان کے گھر کے کئی لوگ کورنٹائن اور ہوم آئسولیشن میں ہیں جس کی وجہ وہ فی الحال سی بی آئی دفتر میں حاضر نہیں ہو سکتے ہیں.
واضح رہے کہ سی بی آئی نے جانوروں کی اسمگلنگ کے معاملے میں ترنمول کانگریس کے رہنما انوبرتا منڈل کے خلاف سمن جاری کیا ہے.